نئی دہلی،11 مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) دہلی ہائی کورٹ نے آئی این ایکس میڈیا معاملے میں سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم کی پیشگی ضمانت کی درخواست کے سلسلے میں سونپے گئے اضافی دستاویزات کے ریکارڈ لینے سے متعلق سی بی آئی کی عرضی پیر کو منظور کر لی۔جسٹس سنیل گور نے دستاویزات کو قبول کر لیا اور پھر سے کانگریس کے سینئر لیڈر کی پیشگی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ رکھ لیا۔عدالت نے اس سے پہلے بھی سی بی آئی اور ای ڈی25 جنوری کو چدمبرم کی پیشگی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔آئی این ایکس میڈیا معاملے میں سی بی آئی نے 15 مئی، 2017 کو ایف آئی آر درج کی تھی۔جبکہ ای ڈی نے اس سے منسلک منی لانڈرنگ کے معاملے میں گزشتہ سال مقدمہ درج کیا۔سینئر کانگریس لیڈر کا کردار 3500 کروڑ روپے کے ایئر سیل۔میکسس سودے اور 305 کروڑ روپے کے آئی این ایکس میڈیا معاملے کی جانچ کے دوران جانچ ایجنسیوں کی نظر میں آیا تھا۔ہائی کورٹ نے 25 جولائی، 2018 کو چدمبرم کو دونوں معاملوں میں گرفتاری سے عبوری راحت دی تھی اور وقتا فوقتا اس کوبڑھا دیا گیا۔